ایک نیوز :سینیٹ میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
سینیٹ میں سینیٹر اسحاق ڈار کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ہولو کاسٹ کے بعد کسی ریاست نے ایسا قتل عام اور جنگی جرائم نہیں کیے۔قرار داد میں فوری جنگ بندی، غزہ کی ناکا بندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا جبکہ اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک شریک جرم قرار دیے گئے۔
اس موقع پر نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا جبکہ سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کہیں نظر نہیں آرہی، ہم سفارتی محاذ پر کچھ نہیں کر پار ہے۔
ا س علاوہ سینیٹر حافظ عبد الکریم نے سینیٹ میں عربی میں تقریر کر کے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جبکہ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ فلسطین کیلئے مالی امداد کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 8796 ہوگئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مجموعی طور پر غزہ میں اب تک 2290 خواتین اور 3648 بچے شہید ہو چکے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ کم از کم 22 ہزار 219 افراد زخمی ہیں۔
مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سینیٹ میں قرارداد متفقہ طور پر منظور
Nov 01, 2023 | 20:33 PM