عام انتخابات کی تیاریاں،ن لیگ نے پارٹی ٹکٹ کیلئے فارم جاری کردیا

 عام انتخابات کی تیاریاں،ن لیگ نے پارٹی ٹکٹ کیلئے فارم جاری کردیا
کیپشن: Preparations for general elections, PML-N has released the form for party ticket

ایک نیوز :مسلم لیگ ن لیگ نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں،پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں کوفارم جاری کردیئے۔

ذرائع مسلم لیگ ن کے مطابق پارٹی ٹکٹ کیلئے جاری ہونیوالا درخواست فارم 3 صفحات پر مشتمل ہے۔فارم میں نام و ایڈریس کے ساتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ وابستگی کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔فارم میں دیگر جماعتوں کے ساتھ ماضی میں رکھی گئی وابستگی کی تفصیلات بھی درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

فارم میں امیدواروں کو اپنی اپنی سیاسی و سماجی خدمات کی تفصیل بھی فراہم کرنے ،امیدواروں کو بحالی جمہوریت کے لئے خدمات سمیت سابقہ انتخابی کارکردگی کی تفصیلات دینے کا کہا گیا ہے   ۔

فارم میں امیدوار کو خود کو موزوں ترین امیدوار ثابت کرنے کے نکات بھی لکھنے کو کہا گیا ہے ۔

 پارٹی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لئے ایک لاکھ روپے ٹکٹ فیس مقرر کر دی گئی۔قومی اسمبلی کے امیدوار کو دو لاکھ روپے ٹکٹ فیس ادا کرنا ہو گی ۔مخصوص نشستوں کے امیدواروں کو بھی یہی فیس ادا کرنا ہو گی ۔پارٹی ٹکٹ فیس پارٹی کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانے کے لئے بینک ڈرافٹ بنوانا ہو گا۔بنک ڈرافٹ بنوانے کے لئے مسلم لیگ ن کا آفیشل اکاؤنٹ نمبر بھی فارم میں دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق درخواست فارم پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں جمع کروائے جا سکتے ہیں ۔

فارم کے آخری صفحے پر قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اقرار نامہ بھی دیا گیا ہے۔درخواست فارم  بمعہ بنک ڈرافٹ  بذریعہ کوریئر بھی جمع کروائی جا سکتی ہے۔