لیہ اراضی سکینڈل: عمران خان کے بہنوئی ضمانت خارج ہونے پر فرار

Nov 01, 2023 | 15:18 PM

ایک نیوز: لیہ اراضی سکینڈل میں عمران خان کے بہنوئی ضمانت خارج ہونے پر موقع سے فرار ہوگئے۔ 

تفصیلات کے مطابق لیہ اراضی سکینڈل میں اینٹی کرپشن نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے بہنوئی احد مجید کی ضمانت خارج ہوگئی تاہم موقع سے فرار ہوجانے کی وجہ سے ان کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔ 

ترجمان اینٹی کرپشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق اینٹی کرپشن چیرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی سے لیہ اراضی سکینڈل میں تحقیقات کر رہا ہے۔ اینٹی کرپشن لیگل ٹیم کی جانب سے آج سپیشل جج اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کو ٹھوس ثبوت فراہم کے گئے۔ معزز عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سن کر ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔ 

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی بہن اور بہنوئی نے غیر قانونی طور پر لیہ میں زبردستی مالکان سےزمین خریدی۔ غیر قانونی طور پر اثرورسوخ استعمال کرکے زمین کا انتقال بھی کروایا گیا۔ ملزمان نے سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی کرکے زمین اپنے نام کروائی۔ 

ترجمان نے بتایا کہ احد مجید وغیرہ نے کچھ مالکان کو ڈرا دھمکا کر ان سے زمین اپنے نام لکھوائی۔ ڈاکٹر عظمی اور ان کے شوہر احد مجید نے عدالت سے ضمانت کروا رکھی تھی۔ اینٹی کرپشن ٹھوس شواہد کی بنیاد پر لیہ اراضی کیس میں تحقیقات کر رہا ہے۔ جلد احد مجید اور دیگر ملزمان کو گرفتارکر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 

مزیدخبریں