گوگل کا انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کا ڈوڈل

Nov 01, 2023 | 11:56 AM

 ایک نیوز : دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے فاروق قیصر کی سالگرہ پر   انکے مزاحیہ کردار’ انکل سرگم‘ ماسی مصیبتے ‘کا ڈوڈل لگادیا۔ 

 ڈوڈل فاروق قیصر کے پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے معروف شو ’کلیاں‘  کے کردار ’انکل سرگم‘   اور’’ماسی مصیبتے ‘‘ کے سکیچز پر مشتمل ہے ۔ 

فاروق قیصر اور ا ن کا کردار انکل سرگم ایک دوسرے میں مدغم ہوچکے تھے اور فاروق قیصر کو انکل سرگم ہی کے نام سے جانا جاتا تھا۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، میٹرک پشاور سے، ایف اے کوئٹہ سے اور گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کیا۔ پھر فائن آرٹس ہی میں ماسٹرز ’’رومانیہ‘‘ سے کیا جب کہ1999ء میں کیلی فورنیا، امریکا سے ماس کمیونیکیشن میں بھی ماسٹرز کیا۔

70ء کے اوائل میں نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے گریجویشن کے بعد فنی زندگی کا آغاز کیا۔ فن کار، صحافی، ٹی وی شو ہدایت کار، کارٹونسٹ، اسکرپٹ رائٹر، مصنف اور صوتی اداکار تھے ۔ انہوں نے اپنی کامکس کتابوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل کی۔

فاروق قیصر کی بنیادی وجہ شہرت ان کا مزاحیہ کردار ’انکل سرگم‘ ہے جو پہلی بار 1976ء میں بچوں کے اُردو زبان کے پروگرام ’’کلیاں‘‘ میں ادا کیا گیا۔ کارٹونسٹ اور اخباری کالم نگاربھی رہے۔

1993ء میں صدرِ پاکستان سے تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازے گئے،14 مئی 2021ء کو انتقال کرگئے۔

مزیدخبریں