رائیونڈ: تبلیغی اجتماع کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

رائیونڈ: تبلیغی اجتماع کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی
کیپشن: Raiwand: The traffic arrangements for Tablighi Jamaat have been finalized

ایک نیوز: سالانہ تبلیغی اجتماع رائیونڈ فیز ون کے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔  

تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 02 نومبر تا 05 نومبر تک جاری رہے گا، دوسرا مرحلہ 09 نومبر کو شروع ہوکر 12 نومبر تک اختتام پذیر ہوگا۔

اس دوران ایس پی ہیڈکوارٹرز سہیل فاضل، ایس پی صدر ملک اکرام تمام تر انتظامات کی مکمل سپرویژن جاری رکھیں گے۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز تعینات کردئیے گئے ہیں۔ 110 پٹرولنگ افسران، 999 وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 10 فوک لفٹرز، 05 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ رائیونڈ میں مانیٹرنگ اور سرویلنس کےلئے اسپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے۔  

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ شرکاء اجتماع کی گاڑیوں کی پارکنگ کےلئے 07 اسٹینڈز بھی مختص کئے گئے ہیں، پارکنگ اسٹینڈز کے علاوہ کہیں گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں، راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے گی۔ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کےلئے تمام روڈز کو کلئیر رکھا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے وارڈنز کو مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکاء کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا، راولپنڈی، اسلام آباد کیطرف سے آنے والے شرکاء کو براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ رائے ونڈ بھجوایاجائے گا۔ اوکاڑہ کی طرف سے آنے والی شرکاء براستہ مانگابائی پاس رائیونڈ اجتماع میں پہنچیں گیں۔

قصور کی طرف سے آنے والے شرکاء براستہ للیانی صوئے آصل روڈ،جودھو پھاٹک، کھاراچوک روہی، برہان چوک، نثار ملز کے بالمقابل مختص کی گئی پارکنگ میں جاسکیں گے، بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کو برہان چوک براستہ بارہ آئل ملز چوک، زراعت آفس کے سامنے واقع پارکنگ تک پہنچایا جائے گا۔ 

خواص روڈ اور سندر روڈ کو ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے کلیئر رکھا گیا ہے، کوئی بھی گاڑی شاہدرہ چوک یا سگیاں پل، بند روڈ سے رائے ونڈ نہیں بجھوائی جائے گی، دیگر صوبوں سے آنے والے شرکاء موٹروے اور لاہور رنگ روڈ استعمال کریں گیں۔