غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم، ملک گیرآپریشن، گرفتاریاں

Nov 01, 2023 | 09:57 AM

ایک نیوز: پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی ان کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا ہے سندھ اور خیبر پختونخوا میں پانچ لاکھ مقیم غیر قانونی تارکین وطن کا پتہ چلا لیا گیا آج سے انھیں ہولڈنگ مراکز میں منتقل کیا جائے گا پنجاب اور بلوچستان میں بھی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور ڈیٹا سکیننگ شروع کردی گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنےکی مہلت ختم ہوتے ہی کراچی میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا، پولیس نے صدر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 تارکین وطن کو حراست میں لے کر ہولڈنگ کیمپ منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق چاروں افراد کا تعلق افغانستان سے ہے جو غیر قانونی طریقے سے شہر میں رہ رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  مہلت ختم ہونے سے پہلے غیرقانونی مقیم افراد کیلئے مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے تھے۔

کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے پرانے حاجی کیمپ کے قریب کیمپ قائم کردیے ہیں، غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے پہلے ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں سے انہیں واپس ان کے ملک بھیجا جائے گا۔

افغان کمشنریٹ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کی ملک بدری کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گا، غیر ملکیوں کیخلاف دوسرے مرحلے میں غیر ملکیوں خصوصاً افغان شہریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور انہیں لنڈی کوتل میں قائم ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔

ہولڈنگ سینٹر پر نادرا عملہ زیر حراست افغان شہریوں کا بائیو میٹرک سمیت دیگر ڈیٹا اکھٹا کرے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا، زیر حراست افغانیوں کو ابتدائی 3 دنوں میں بسوں پھر خصوصی ٹرینوں سے وطن واپس روانہ کیا جائے گا۔

سرکاری حکام کے مطابق نان سٹاپ ٹرین کراچی سے روہڑی کے راستے افغانیوں کو لے کر چمن بارڈر تک پہنچے گی، بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کی بنا پر خصوصی ٹرین شام کے وقت کراچی سے روانہ ہو گی جو رات کا سفر سندھ میں طے کر کے پھر دن میں بلوچستان پہنچے گی۔

غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف حیدرآباد ریجن کے 9 اضلاع میں بھی پولیس نے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع میانوالی، بھکر، خوشاب اور سرگودھا میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے بھی کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

راولپنڈی میں افغان پناہ گزینوں کا بے دخلی آپریشن: 

اسلام آباد اورراولپنڈی سےایک سوچودہ افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق افغانستان سےہےجنہیں ہولڈنگ کیمپس میں منتقل کیا گیا ہے۔ہولڈنگ سینٹر میں پولیس، ریسکیو، محکمہ صحت، نادرا، بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔ہولڈنگ سینٹر کی عمارت کے چاروں اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ بھی جاری ہے ۔ہولڈنگ سینٹر کے اندر خصوصی طور پر 5 ڈیسک قائم کر دیئے گئے۔ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم بھی خیابان سر سید کے ہولڈنگ سینٹرمیں موجود ہے ۔

دوسری جانب سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر اعجاز نے ہولڈنگ سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہولڈنگ سینٹر میں محکمہ صحت کی جانب سے ہیلتھ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ خواتین اور بچوں کیلئے صحت کی سہولیات ہولڈنگ سینٹر میں دی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہولڈنگ سینٹر میں حاملہ خواتین کے علاج کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ حکومت کی جانب سے ہدایات ہیں کہ افغان پناہ گزینوں کیلئے صحت کی مکمل سہولت فراہم کی جائے۔ ہولڈنگ سینٹر میں خواتین ڈاکٹرز بھی موجود ہیں۔

اسلام آباد میں بھی غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف آپریشن:

اسلام آباد میں بھی غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔اسلام آباد سے 64 غیر قانونی افغان باشندے افغانستان بھیج دیئے گئے،افغان باشندوں کو 2 بسوں کے ذریعے واپس روانہ کیا گیا ان بسوں کے ساتھ ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی ٹیم  بھی موجود تھی، راستے میں مختلف مقامات پر سکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب پولیس کی ہو گی۔
 جڑواں شہروں سے 114 غیر قانونی افغان مہاجرین کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 64 افغان باشندوں کو اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور 50 کو راولپنڈی سے پکڑا گیا۔ ان افراد کے پاس کسی قسم کی دستاویزات نہیں تھیں۔

حکومتی مہلت ختم ہوتے ہی افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری: 

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کی پہلی بس روانہ کر دی گئی۔ اسلام آباد کے ہولڈنگ سینٹر سے 64 افغان پناہ گزین بذریعہ طورخم بارڈر وطن واپس بھیجے گئے۔

ڈی سی اسلام آباد و ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے غیر ملکی شہریوں کو الودع کیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا (کے پی)  میں 50 ہزارسے زیادہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کا ڈیٹامرتب کر لیا گیا ہے، پکڑے جانے والے غیرملکیوں کو واپس بھجوانے کیلئے دن بھی مخصوص کرلیے گئے ہیں۔

اسی طرح کے پی میں حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلا کی اطلاع اور رہنمائی کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے، آج سے صوبہ بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔ 

دوسری جانب لیویز حکام کے مطابق مختلف علاقوں سے درجن بھر غیرقانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ ملک بھر سے افغان مہاجرین کی غیرمعمولی تعداد چمن پہنچ گئی ہے۔

کنٹرول روم کا بتانا ہے کہ افغان مہاجر خاندانوں کو رجسٹریشن کے بعد کیمپ منتقل کیا جارہا ہے اور کیمپ میں اب تک 5ہزار افغان مہاجر پہنچ چکے ہیں۔جبکہ طورخم اورچمن بارڈرسےابتک ایک لاکھ چالیس ہزار سےزائد افغانی وطن جاچکےہیں۔حکومت کاغیرقانونی تارکین کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کااعلان۔جبکہ پتوکی،تھانہ سٹی پولیس نے بھی  شہر بھر میں افغان باشندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا ،شہر کے مختلف علاقوں سے 100 سے زائد افغانی باشندوں کو حراست میں لیا گیا،پتوکی،پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے تمام افغانی باشندوں  کی تصدیق  کی جا رہی ہے ،غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،

لاہورغیر قانونی تارکین وطن:

لاہور میں غیر قانونی غیر ملکی شہری ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے،32 غیر قانونی غیر ملکی افراد پناہ گاہ پہنچا دیئے گئے،نادرا ٹیم ویری فیکیشن کے لیے پناہ گاہ میں موجودہے ،غیر قانونی غیر ملکی افراد کو تین نومبر کو بحفاظت بارڈر تک چھوڑا جائے گا،تین نومبر کے بعد گرینڈ آپریشن شروع کردیا جائے۔ پناہ گاہ میں غیر قانونی افغانیوں کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا، دو دن غیر قانونی مکین افغان باشندے  خود پناہ گاہ پہنچیں گے۔

مزیدخبریں