ایک نیوز:ہاررفلموں کےانسانی صحت بارےعجیب وغریب انکشافات منظرعام پرآگئے،ہاررفلمیں دیکھنےسے دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے اور خون جمنے لگتا ہے، مگر وہ صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ہاررفلمیں انسانی صحت کیلئےفائدہ مندہوتی ہیں،کیونکہ اس کےدوقسم کےفائدے منظرعام پرآگئےہیں۔
یہ دلچسپ دعویٰ اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
کوئین مارگریٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہارر فلمیں دیکھتے ہوئے ہمارا دماغ تناؤ میں کمی لانے کیلئے طاقتور کیمیکلز خارج کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اینڈروفنز اور ڈوپامائن جیسے کیمیکلز تناؤ میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ خوشی کا احساس بڑھاتے ہیں، جس سے تکلیف برداشت کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق خوف یا تجسس کے حوالے سے جسم ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تناؤ بڑھانے والے ہارمونز بنانے کا عمل تیز کرتا ہے جس سے دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ دماغ بھی کیمیکلز خارج کرتا ہے تاکہ جسم بہت زیادہ تناؤ کا شکار نہ ہو جس سے فلم کے اختتام پر خوشی اور جوش کا احساس ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہارر فلموں سے لوگ محفوظ طریقے سے اپنے خوف کو جانچ سکتے ہیں کیونکہ فلموں میں خوف کا احساس بڑھانے والے عناصر حقیقی زندگی کے مقابلے میں زیادہ سادہ ہوتے ہیں۔
محققین کے مطابق اس طرح ہمیں حقیقی زندگی میں منفی جذبات پر قابو پانے اور خوف یا تناؤ کے خلاف مزاحمت میں مدد ملتی ہے۔
کچھ عرصے قبل برطانیہ کی ویسٹ منسٹر یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہارر فلمیں دیکھنے کی عادت جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق90 منٹ کی ایک فلم دیکھنے سے اوسطاً113 کیلوریز جلتی ہیں اور اگر30 منٹ تک چہل قدمی کی جائے تو بھی اتنی کیلوریز جلانا ممکن ہے۔
تحقیق کے مطابق فلم جتنی دہشت زدہ کردینے والی ہوگی کیلوریز جلنے کی مقدار بھی اتنی زیادہ ہوگی۔
اس تحقیق میں10 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور محققین نے دریافت کیا کہ ہارر فلم دیکھتے ہوئے لوگوں کی دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے، آکسیجن کی زیادہ مقدار جسم کے اندر کھینچنے لگتے ہیں جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی زیادہ مقدار خارج کرتے ہیں۔
دہشت زدہ کردینے والے مناظر اکثر افراد کو چیخنے یا کرسیوں پر اچھلنے پر بھی مجبور کردیتے ہیں، خوف اور انزائٹی کا یہی تناؤ بھوک کو دبانے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کو تیز کردیتا ہے۔
تحقیق کے دوران لوگوں کو10 فلمیں دکھائی گئی تھیں اور دریافت کیا گیا کہ خوف کی شدت بڑھنے سے نبض تیز چلنے لگتی ہے اور جسم میں خون تیزی سے گردش کرنے لگتا ہے، جس سے ایسا ہارمون خارج ہوتا ہے جو کیلوریز جلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اس حوالے سے ہالی وڈ کی ہارر فلم دی Shining بہترین ہے جس کو دیکھنے سے184 کیلوریز جلتی ہیں جبکہJaws کو دیکھنے پر161 اور دیExorcist کو دیکھنے سے158 کیلوریز جلتی ہیں۔