ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پر جناح ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیدی گئی ہے۔
اس موقع پر پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر اور دیگر پیچیدہ امراض کا مفت علاج کیاجائے گا۔ لاہور کے جناح ہسپتال اور ملتان کے نشتر ہسپتال میں سائبر نائف ٹیکنالوجی کو جلد متعارف کرایاجائے گا۔ دونوں ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی سے طریقہ علاج کے بارے میں ڈاکٹرز کو تربیت بھی دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت گُھرکی ہسپتال کے تعاون سے سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کے ذریعے علاج کو ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کرچکی ہے۔ اب پنجاب کے 2 بڑے ہسپتالوں میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے۔ جس سے مریضوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بھی جائزہ لیں گے۔ اس ضمن میں جلد فیصلہ کرکے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ پروگرام میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کے پروفیسرڈاکٹر عبدالمجید چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سیکرٹری خزانہ، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔