ایک نیوز نیوز :چیف سیکرٹری نے محکموں کو سموگ کی روک تھام کیلئے کوششیں تیز کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کےمطابق چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ سموگ کی روک تھام کیلئے کی جانیوالی مشترکہ کوششوں کو تیز کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سموگ پر قابو پانے سے متعلق اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں ماحولیات، بلدیات، صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ، صحت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، ڈی سی لاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور،اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، حا فظ آباد، نارووال، فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت صورتحال بہتر ہے تاہم ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ تحفظ ماحولیات کو سول سوسائٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی تجاویز سموگ کی روک تھام میں مدد گار ثابت ہوں گی۔
اجلاس میں تمام سرکاری گاڑیوں کی انسپکشن کا فیصلہ بھی کیا گیا۔سیکرٹری تحفظ ماحولیات نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں صو بہ میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے1058 انڈسٹریل یونٹس کو سیل، 696مقدمات درج اوردو کروڑ 40لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے جبکہ لاہور میں 583انڈسٹریل یونٹس سیل، 90مقدمات درج اور تین کروڑ 40لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران46ہزارانسپکشنز اور 3168دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا گیا۔اسی طرح اکتوبر میں کوڑا کرکٹ جلانے پر 20مقدمات درج کئے گئے۔