شہباز شریف بغیر پروٹوکول باہر نکل کر دکھائیں: اسد عمر

حقیقی آزادی مارچ کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا ہوا ہے۔
کیپشن: حقیقی آزادی مارچ کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا ہوا ہے۔

ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ  خان صاحب نے فیصلہ کیا کہ دو چار دن زیادہ لگتے ہیں تو بے شک لگ جائیں لیکن جس دن عمران خان نے اسلام آباد پہنچنا ہےعوام کا سمندر آئے گا۔  انتخابات کا اعلان ہوگا تو خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی بھی تحلیل ہوں گی۔اسد عمر  نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے کیونکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے۔ 

 اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بغیر پروٹوکول باہر نکلنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ بغیر پروٹوکول باہر نکلیں تو لگ پتہ جائے گا کہ قوم کدھر کھڑی ہے۔  اللہ کی مخلوق بے تحاشہ نکل رہی ہے، شہر ختم ہوجاتے ہیں لیکن مخلوق ختم نہیں ہوتی۔ عمران خان کی جدوجہد سے بہت بڑا مقصد حاصل ہوچکا ہے۔ پاکستانی عوام کا شعور اجاگر ہوگیا ہے۔ موجودہ حکومت نے صرف عوام کو لوٹا ہے، شہبازشریف عوام میں نکلیں تو انہیں پتہ چل جائے گا، انہوں نے مہنگائی کرکےعوام کا جینا مشکل کردیا ہے، شہبازشریف کا جھوٹ اب نہیں بکے گا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے جو جدوجہد کی اس سے قوم بیدار ہو چکی ہے۔ آپ اب جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں قوم کے ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے ہیں۔حکومت بنانے کا اختیار صرف اور صرف عوام کے پاس ہے۔ نوازشریف کو بتانا چاہتاہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے۔ یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے۔ مارچ میں لوگ کم ہوتے تو کوریج نہ روکی جاتی۔حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے  ہے وہ اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں  اور  اسی کو جتھے کہتے ہیں۔ جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں۔  عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بنا کردیا ہے۔ اسلام آباد میں عوام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔

  کوئی لندن اور امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا ہے۔  کوئی بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے نہیں کرے گا۔ پاکستان کے فیصلوں میں اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا بھی کردار رہا ہے۔   پاکستان کی فوج دلیر اور بہادر ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کا جو بھی کردار ادا کرسکتا ہے وہ کرے۔  عمران خان نے فوج کے خلاف کبھی بیان نہیں دیا، نوازشریف اور زرداری بیرون ملک چھپ کر ملاقاتیں کرتے ہیں، عمران خان نے امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا ہوا ہے۔ پورے ملک سے تیاری کی خبریں آرہی ہیں، پوری قوم حقیقی آزادی کے لئے تیار ہے اور ہمارے حقیقی آزادی مارچ میں شامل ہے۔  ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے۔فوری انتخابات ملک کے لیے ناگزیر ہیں ۔ پاکستان آج جن حالات سے آج گزر رہاہے اس سے پہل ان حالات سے کبھی نہیں گزرا ہے۔ افواج پاکستان کی ملک کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ملکی ادارے کبھی بھی اسلحہ سے مضبوط نہیں ہوتے بلکہ مضبوط قوم اسکے پیچھے ہوتی ہے۔