تاجردوست سکیم   کی ناکامی پر ایف بی آرکا ایکشن 

May 01, 2024 | 17:31 PM

ایک نیوز:تاجر دوست سکیم رجسٹریشن میں ناکامی کے بعد ایف بی آر نے سخت ایکشن لے لیا۔نان فائلرز میں کھلبلی مچ گئی۔

ایف بی آر نے کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور جائدادیں رکھنے والے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایف بی آر نے نان فائلر 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کے خلاف کاروائی انکم ٹیکس جنرل آرڈر ون آف 2024 کے تحت شروع کردی ۔پہلے مرحلے میں 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کے موبائل فون یا موبائل فون سمز بلاک کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ایف بی آر کو یہ اختیار انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 سیکشن 114Bکے تحت حاصل ہے۔

سمز کے علاوہ ایف بی آر ،آئی ایم ایم ای نمبر کے تحت پی ٹی اے کے ذریعے موبائل فون سیٹ بھی بلاک کروا سکتا ہے۔5 لاکھ سے زائد ان افراد کو ایف بی آر سالانہ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے نوٹس پہلے ہی جاری کرچکا ہے۔ایف بی آر نے ان افراد کا ڈیٹا نادرا،بجلی سپلائی کمپنیوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز،موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز، بینک ٹرانزیکشنز سے حاصل کیا ہے۔13سو سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں، 10 مرلہ سے زاید قیمتی پلاٹوں کے مالکان بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔لیٹ ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔8ہزار 7 سو صفحات پر مشتمل یہ فہرستیں ملک بھر کے ٹیکس دفاتر کو بھیج دی گئی ہیں۔

ایف بی آر نے موبائل فون اورسمز بلاک کرنے کے لئے پی ٹی اے کو ہدایات جاری کی ہیں۔پی ٹی اے نے ان افراد پر جاری تمام سمز بلاک کرنے کے لئے موبائل فون آپریٹرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

موبائل فون یا سمز بحالی کا اختیار صرف ایف بی آر یا،متعلقہ کمشنر انلینڈ ریونیو کو ہوگا۔موبائل فون اور سمز بحالی کے لئے ان افراد کو ٹیکس ریٹرنز بمعہ جرمانہ جمع کروانے کا ثبوت دینا ہوگا۔ایسے لوگ جو ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے میعیار پر پورا نہیں اترتے انکی سمز بحال کر دی جائیں گی۔

وہ افراد جنہوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کروا کر ٹیکس میں رعایت حاصل کی اور پھر گوشوارے جمع نہیں کروائے ان کو بھی گزشتہ تمام ٹیکس ریٹرنز بمعہ جرمانہ جمع کروانی ہونگی۔اگلے مرحلے میں نان فائلرز کے بجلی اور گیس کنکشن منقطع کئے جائیں گے۔

 

مزیدخبریں