ایک نیوز: بھارتی ریاست کیرالہ میں 6 افراد کے قاتل اور چاول کھانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ہاتھی کو پکڑ کرمحفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ’اریکومبان‘ نامی ہاتھی چاول اور اناج کی دکانوں پر دھاوا بول دیتا تھا۔ چیف ویٹرنری سرجن ڈاکٹرارون زکریا کی قیادت میں 150 افراد پرمشتمل ٹیم نے ہاتھی کو پکڑا۔ اس دوران ہاتھی کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی گئی جس کے بعد ہاتھی کی ٹانگیں باندھنے کے بعد آںکھوں پر پٹیاں بھی باندھ دی گئیں اور پھر اسے چارتربیت یافتہ ہاتھیوں کی مدد سے قابو کرکے ٹرک میں چڑھایا گیا۔
اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہاتھی کو سکون آور ادویات کے پانچ انجکشن لگائے گئے تھے اس کے باوجود ٹیم کو بھرپورف مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل 2017 میں بھی اسی ہاتھی کو پکڑنے کے لئے ٹرانکولائزرشاٹس کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن وہ فرار ہوگیا تھا۔
چاولوں کے شوقین ہاتھی کو پکڑنے کے لیے اناج کی ایک ڈمی دکان بنائی گئی تھی لیکن عدالت نے اس پلان پر عمل کرنے سے روک دیا تھا۔بھارتی حکومت کے مطابق 60 فیصد سے زیادہ جنگلی ایشیائی ہاتھی بھارت میں پائے جاتے ہیں اور 2017 میں ہاتھیوں کی مردم شماری میں علم ہوا تھا کہ 29 ہزار964 ہاتھی بھارت میں موجود ہیں۔