ایک نیوز: پاکستان ریلوے نے گزشتہ بارشوں اور سیلاب کے بعد 27 اگست 2022ء کو بند کی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو 8 مہینے 3 دن کے بعد آج سے دوبارہ بحال کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے ٹرین کا افتتاح ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کراچی اطہر ریاض نے آج (پیر کی) صبح کراچی کینٹ سے کیا۔یہ ٹرین 19 کوچز پر مشتمل ہے، جس میں 2 اے سی بزنس، 1 اے سی پارلر، 2 اے سی اسٹینڈرڈ اور 12 اکانومی کلاس کے ساتھ 1 بریک وین، 1 پاور وین اور 1 ریستوران کوچ بھی موجود ہے۔ٹرین میں 1198 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس کے کراچی سے لاہور تک 10 اسٹاپ ہیں۔
ٹرین کراچی کینٹ سے روزانہ صبح 6 بجے روانہ ہونے کے بعد حیدر آباد، نواب شاہ، روہڑی، رحیم یار خان، خان پور، بہاول پور، ملتان، ساہیوال، رائے ونڈ سے ہوتے ہوئے اُسی تاریخ رات 11 بج کر 45 منٹ پر لاہور پہنچے گی، سفر کا ٹوٹل دورانیہ 17 گھنٹے 45 منٹ ہے۔یہ ٹرین اپنے مقررہ راستے فیصل آباد کی بجائے اب براستہ ملتان، ساہیوال جایا کرے گی۔
خواجہ سعد رفیق وفاقی وزیر برائے ریلوے و شہری ہوا بازی کی خصوصی ہدایات پر اس ٹرین کے تمام کلاسز میں یکم مئی 2023ء سے 15 مئی 2023ء تک 20 فیصد رعایت اور 16 مئی 2023ء سے 31 مئی 2023ء تک 10 فیصد رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔آج کی ٹرین 27 اپ شالیمار ایکسپریس میں کراچی سے 907 مسافر سفر کر رہے ہیں۔