مزدوروں کےعالمی دن پرصدر مملکت،وزیر اعظم اور دیگرسیاسی شخصیات کاخصوصی پیغام

May 01, 2023 | 09:10 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے   محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم مزدور پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود محنت کشوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کو غیر محفوظ ماحول،مزدوری کے غیر منصفانہ طریقے اور کم اجرت جیسے مسائل کا سامنا ہے، عدم تحفظ، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی جیسے مسائل بھی درپیش ہیں۔

 صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے،وفاقی،صوبائی حکومتیں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اور ہنر فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے، آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے ، آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔قوم ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے جبکہ اسلام سماجی انصاف،مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کر دیے تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں ،موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے، حکومت نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 17500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر  25000 روپے کر دی ہے۔

مزیدخبریں