ویب ڈیسک: مارچ 2023 کے سائبر سکیورٹی واقعے کی تحقیقات مکمل، لاپرواہی کے ذمہ داروں کیخلاف محکمہ جاتی اور انضباطی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
نادرا نے سائبر سکیورٹی واقعے کی تحقیقات کیلئےمشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے قیام کے لئے وفاقی حکومت سے درخواست کی۔ نگران وزیر اعظم نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹرسائبر کرائم کی سربراہی میں جے آئی ٹی کے قیام کی منظوری دی تھی۔ معاملے کی غور سے تحقیقات کے بعد، جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی۔
وزیراعظم نے نادرا کو رپورٹ کے نتائج اور سفارشات کے مطابق تعمیلی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کی ۔تجویز کردہ اقدامات میں مناسب ٹیکنالوجی اپ گریڈز کے ساتھ ساتھ محکمہ جاتی اور انضباطی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں تعمیلی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، یہ اقدامات نادرا کو اپنی خدمات کو بہتر طریقے سے فراہم کرنے کے قابل بنائیں گے، یہ اقدامات ڈیٹا بیس کی معیاری سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہونگے۔