ایک نیوز:وزیر اعلٰی مریم نواز کی ہدایات پرمحکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے "صاف ستھرا پنجاب" مہم کا آغاز ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔
مراسلہ کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات پر’’صاف ستھراپنجاب ‘‘ مہم یکم مارچ سے 31مارچ تک جاری رہے گی۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ صاف ستھرا پنجاب مہم کے فوکل پرسن بھی مقرر کر دی گئے گئے۔کھلی جگہوں سے کوڑے کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے۔ قبرستانوں کو مکمل طور پر جڑی بوٹیوں اور کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائیگا۔ سبزی منڈیوں مارکیٹوں، بس ٹرمینلز کو صفائی کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق پنجاب بھر میں یو سی سطح پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے۔گھر گھر جا کر لوگوں کو صفائی کے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔ سکولوں اور کالجوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ مساجد میں جمعہ کے خطبات میں صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔
لوکل گورنمنٹ کے مراسلے کے مطابق مارکیٹوں میں دکانداروں، مارکیٹ کمیٹیوں اور انجمن تاجران کے ذریعے لوگوں کو صفائی بارے آگاہ کیا جائے گا۔عوامی پارکوں، چڑیاں گھروں، عجائب گھروں ، کھیل کے میدانوں اور خریداری مراکز میں صفائی مہم کی آگاہی فراہم کی جائے گی۔سب امور کی تکمیل کے لئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ اور ریویو میٹنگز ہوں گی۔