ایک نیوز :محکمہ موسمیات نے یکم سے 3مارچ تک پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کردیا ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری ،گلیات اور گردونواح میں برف باری کے بھی امکانات ہیں۔ طوفان ، بارشوں اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔برف باری سے پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہے۔ طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے چوکس رہیں۔ عوام سفر کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھیں۔ طوفان کے باعث بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس جانے سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مری انتظامیہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔ بڑے شہروں میں نکاسی آب کے ذمہ دار ادارے ویک اینڈ پر الرٹ رہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے ۔ باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔