بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 4مقدمات میں عبوری ضمانتیں کنفرم

Mar 01, 2024 | 18:26 PM

ایک نیوز:انسداد دہشت گردی عدالت سے  بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بڑا ریلیف مل گیا،4مقدمات میں عبوری ضمانتیں کنفرم کردیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ظل شاہ قتل کیس اور زمان پارک جلاؤ گھیراؤ سمیت چار مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتیں 5،5لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کی گئیں۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف  دو تھانہ ریس کورس ایک نصیر آباد اور ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں ظل شاہ قتل کیس میں حقائق چھپانے کے الزام میں عمران خان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔8 مارچ 2023 کو لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا تھا جبکہ اس دوران پی ٹی آئی کا کارکن علی بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔ عمران خان نے پر الزام عائد کیا تھا کہ پارٹی کارکن علی بلال (ظل شاہ) کو ’پنجاب پولیس نے قتل‘ کردیا ہے۔سابق وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل غیر جانبدرانہ اور حقائق و شواہد پر مبنی انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ 18 مارچ 2023 کو جب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اسلام آباد میں جج کے سامنے پیش ہونے کے لیے لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے نکلے تو پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر پر سرچ آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد ان کی پارٹی کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

 پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت توڑ پھوڑ، جلاؤ، گھیراؤ کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

مزیدخبریں