ایک نیوز:ملک کےمختلف شہروں میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سےجاتی سردی تھم گئی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق شہرمیں آج اورکل مزیدبارش کاامکان ہے،صوبائی دارالحکومت لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے شہر میں سموگ کی اوسط شرح 208ریکارڈ کی جانے لگی۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث گوادر، کیچ، تربت، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد، دالبندین، خضدار اور ڈیرہ غازی خان میں سیلابی صورتحال ہے،جبکہ مزیدبارش سے خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، گلیات ، اسلام آباداورراولپنڈی کے برساتی اورمقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں شدید بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب بارش کے دوسرے سپیل نے ڈوبے ہوئے گوادر کو مزید ڈبو دیا، دو گھنٹے تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے تباہ حال گوادر کو مزید تباہ کر دیا۔
بارش کا پانی نشیبی علاقوں میں مقیم لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، بارش سے سید ہاشمی ایونیو، جناح ایونیو، میرین ڈرائیو ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے۔
طوفانی بارش کے باعث ریسکو اور نکاسی آب کا کام بھی متاثر ہو گیا، کئی مکانات منہدم ہو گئے جس کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
ادھر کراچی میں بارش برسانے والے سسٹم کی انٹری آج دوپہر سے متوقع ہے جس کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملیر، ایئر پورٹ، گلشن حدید، سٹیل ٹاؤن اور گڈاپ میں ژالہ باری بھی متوقع ہے، بارش کے پیش نظر شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، شہر میں آج نجی اور سرکاری دفاتر میں ہاف ڈے ہوگا، محکمہ تعلیم سندھ نے شام کی شفٹ کے تمام سکولوں میں عام تعطیل کااعلان کردیا۔
جامعہ کراچی میں آج کے شیڈول کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو3 مارچ تک24 گھنٹے کام کرے گا، بارش کے پیش نظر تمام عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب خاران کے شہر کُلان میں بارش کے سبب گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق لاشوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے نکالا، خاران شہر اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے خاران کے تمام ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہے۔
پورے شہر میں بارش کا پانی جمع ہونے سے نظام زندگی شدید متاثر ہے، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔کئی جگہوں پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور گلیوں سے پانی نکالتے رہے ہیں۔