ایک نیوز :اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں شام اور ترکیہ کے زلزلے کے بعد امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب کے دوران ریسیکوٹیموں میں اسناد تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہماری سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی ترکیہ اور شام میں خدمات کوپاکستان میں عوام نے سراہا، شاندار پیشہ ورانہ طور پر ریسکیو خدمات انجام دیں اور درجنوں افراد کو ملبے سے نکالا۔ ہماری سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے ترکیہ کے بھائیوں بہنوں کے دلوں میں جگہ بنائی، ریسکیو ٹیموں نے پاک ترک دوستی کی لاج رکھی اوربرادرانہ رشتے میں بے پناہ محبت کا اضافہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ سے رشتہ صدیوں پر محیط ہے، تحریک خلافت سے صدیوں پر پھیلا یہ رشتہ مضبوط ہوا، پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملک سے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیر اعظم نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں خدمات سرانجام دینے والی پاکستان کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے ارکان میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔