ایک نیوز :قائد اعظم یونیورسٹی میں طلباء گروپوں کے درمیان جھگڑے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے 5طلبہ کو جوڈیشل ریمانڈ پراڈیالہ جیل بھجوادیا۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے5 طلبا ملزمان میں جاوید احمد، بشارت علی، محمد طیب، عثمان ظفراور محمد فواد خالق کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کی عدالت پیش کیاگیا۔
پراسیکیوٹر ذکیہ سلیمان، ملزمان کے وکلاء اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا کو ہاسٹلز خالی کرنے کا کہاتھا۔ملزمان نے انتقامی کارروائی کی جس پر گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔تفتیشی افسر کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی کے طلباء کی 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔قائد اعظم یونیورسٹی کے پانچوں طلبا کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں کارِسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیاگیاتھا۔