ایک نیوز :دنیا کے امیر ترین افراد 2022 میں 10 کھرب ڈالرز سے محروم ہوگئے جس کی وجہ توانائی اور معاشی بحران سمیت ارضی سیاسی حالات بنے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 2 لاکھ 18 ہزار افراد کو امیر ترین تصور کیا جاتا ہے جن کی مجموعی دولت میں 2022 کے دوران 10 فیصد کمی آئی۔
یہ دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں ایک سال کے دوران آنے والی سب سے زیادہ کمی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے امیر ترین افراد کئی سال سے بہت زیادہ کما رہے تھے مگر 2022 ان کے لیے تاریخی دھچکا ثابت ہوا۔ یوکرین بحران کے باعث یورپ کو توانائی کے ذرائع میں کمی کا سامنا ہوا جبکہ مہنگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ ہوا، جس کے باعث دنیا بھر میں شرح سود میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امیر افراد کی دولت میں کمی حیران کن نہیں کیونکہ 2022 میں مالیاتی پالیسیوں میں ڈرامائی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔
یورپ کے امیر ترین افراد کی دولت میں 2022 میں سب سے زیادہ کمی آئی اور وہاں یہ شرح 17 فیصد رہی جبکہ اوشیانا میں یہ شرح 11 فیصد، امریکا میں 10 فیصد، ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں 7، 7 فیصد جبکہ افریقا میں 5 فیصد رہی۔
رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین کا کہنا تھا کہ اقتصادی بحران کے باوجود دنیا کے امیر ترین افراد نے مہنگی ترین جائیدادیں خریدیں۔