ایک نیوز : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
سپریم کورٹ کا فیصلہ انتخابات کے حق میں آنے کے بعد عمران خان نے چودھری پرویز الہٰی کو آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کیلئے زمان پارک بلایا تھا، دونوں پارٹی رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا سابق وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم والوں کو مان لینی چاہیے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی لائحہ عمل بھی بنایا گیا۔