ایک نیوز: پی ٹی آئی کا مقابلہ سوشل میڈیا پر کیسے کیا جائے؟ مسلم لیگ ن کی حکمت عملی منظرعام پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی سوشل میڈیا ٹیم میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی لاہور میں سے بڑی سوشل میڈیا ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے پارٹی کی جانب سے کم از کم 3 ہزار اراکین پر مشتمل سوشل میڈیا ٹیم بنائی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور کی سوشل میڈیا ٹیم کو ضلع، ٹاؤنز اور یونین کونسل کی سطح پر متحرک کیا جائے گا۔ لاہور میں سوشل میڈیا ٹیم کو قومی و صوبائی حلقوں میں بھی متحرک کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا ٹیموں کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر الگ الگ ٹاسک دئیے جائیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کسی بھی سیاسی معاملے پر پارٹی کا نقطہ نظر فوری طور پر تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا ٹیموں میں ایسے نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نہ صرف ابھی رسائی ہے بلکہ ان کے فالوورز کی تعداد بھی بہتر ہے۔ 3 ہزار اراکین پر مشتمل سوشل میڈیا ٹیم کے ناموں کی لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں۔ مریم نواز سوشل میڈیا ٹیموں کی تشکیل کی حتمی منظوری دیں گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور کے بعد پنجاب بھر کے دیگر تمام ڈویژنز اور اضلاع میں بھی سوشل میڈیا ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ سوشل میڈیا ٹیم کے کارکن رضاکارانہ طور پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ سوشل میڈیا ٹیم کے کچھ کارکنوں کو تنخواہیں بھی دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے وطن واپسی پر پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم تشکیل نو کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔