ایک نیوز: مہنگائی کی چکی میں پسی غریب عوام کیلئے بری خبر۔ رمضان المبارک سے قبل ہی یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی اور آئل سمیت اشیائے ضروریہ مہنگی کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی و آئل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گھی و آئل کی قیمت میں 115 روپے جبکہ چائے کی پتی 250 روپے کلو مہنگی کر دی گئی ہے۔
یوٹیلیٹی گھی و آئل کی قیمت 375 روپے سے بڑھ کر 490 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹور پر چائے کی پتی بھی مہنگی ہو گئی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چائے کی پتی کی قیمت 250 روپے کلو بڑھا دی گئی۔ چائے کی پتی 1490 روپے سے بڑھا کر 1740 روپے کلو کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت بنیادی اشیاء پر خصوصی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ جن میں آٹا، چینی، گھی، چاول اور دالیں شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی لہر، عام مارکیٹ کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی عدم دستیابی اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کے باعث یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو سامان مہیا کرنے والی کمپنیز نے ریٹس بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے قیمتوں پر نظرثانی کرنی پڑی۔
ترجمان نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صارفین کیلئے قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صارفین کو گھی 300 روپے فی کلو، چینی 70 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10کلو تھیلہ 400 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق عام صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کے بعد گھی 490روپے فی کلو دستیاب ہوگا چینی 89 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10کلو تھیلہ 648روپے میں دستیاب ہوگا۔
اس سے قبل یکم جنوری2023 کو گھی کی قیمت میں فی کلو 75 روپے اضافہ کیا گیا تھا، گزشتہ 2 ماہ میں وزیراعظم پیکج کے تحت گھی مجموعی طور پر 190 روپےفی کلو مہنگا ہوچکا ہے۔
دستاویز کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، ان کے لیےگھی کی فی کلو قیمت300 روپے برقرار رہےگی۔