ایک نیوز: پتنگ بازی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اب خیر نہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بڑا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ ہر شہر میں قانون کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی روکنے کے لئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ واقعہ ہوا تو متعلقہ ڈی پی او ذمہ دار ہوگا۔ پتنگ بازی کے نتیجے میں کسی بھی انسانی جان کا ضیاع برداشت نہیں۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائے۔ پتنگ بازی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ قصوراوردیگر اضلاع میں متوقع پتنگ بازی کے سدباب کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔