کراچی میں بڑی ڈکیتی، ڈاکو گاڑی اور 6 کروڑ لوٹ کر فرار

کراچی میں بڑی ڈکیتی، ڈاکو گاڑی اور 6 کروڑ لوٹ کر فرار

ایک نیوز: کراچی میں رواں سال کی بڑی ڈکیتی دیکھنے میں آئی ہے جس میں نامعلوم ملزم بلڈر کی گاڑی سمیت 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گیا۔ 
رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات بہادر آباد کے علاقے میں ہوئی ہے ۔واقعہ کا مقدمہ متاثرہ بلڈر راحیل کی مدعیت میں بہادر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔  متاثرہ بلڈر راحیل کا کہناہے کہ گزشتہ رات اپنے دفتر سے گاڑی میں رقم لے کر نکلا تھا جہاں دو موٹر سائیکلوں اور کار میں سوار ملزمان نے انہیں روکا اور ملزمان نے اسلحہ کے زور مجھے اور ڈرائیور کو گاڑی سے نکالا۔جس کے بعد  ملزمان تمام رقم اور گاڑی لے کر فرار ہو گئے۔ ملزمان نے کچھ فاصلے پر گاڑی چھوڑ دی اور  پیسے لیکر فرار ہو گئے۔  تفتیشی ٹیم کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مدعی  مقدمہ راحیل کا بیان قلم بند کرلیا گیا  ہے۔ ابتدائی طور پر ڈکیتی کی واردات  مخبری کی بنا پر لگتی ہے۔ جائے وقوع  اور اس کے اطراف کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں ۔ بیشتر مقامات پر رات دکانیں بند ہونے کی وجہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل نہیں ہوئی ہے۔ 

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد چھینی ہوئی گاڑی اور موبائل فون چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے ۔ گاڑی کا فارنزک کرایا جارہا ہے ، گاڑی سے فنگر پرنٹس حاصل کرکے نادرا کو بھیجے جائیں  گے۔ 

واضح رہے کہ کراچی گلستان جوہر میں بھی بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی جس میں ڈاکو گھر میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرکے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق   کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ون میں سال اب تک کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی جس میں تین مسلح ڈاکو گھر سے 40 تولہ سونا، 23 لاکھ روپے اور 2500 ڈالرز لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔ مقدمے کے مطابق 3 مسلح ملزمان نے اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈکیتی کی اور گھر سے تین لاکھ روپے سے زائد کے سیونگ سرٹیفکیٹ بھی لے اڑے تھے۔پولیس نے  ڈکیتی کے واقعہ کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔