لاہور:سکھ کمیونٹی کے وفد کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، تاریخی محبت کا اعتراف

Jun 01, 2023 | 16:05 PM

ایک نیوز: سکھ کمیونٹی کے وفد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سکھ کمیونٹی کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج اور پٹیالہ بلاک سے تاریخی محبت کا اعتراف اور اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے سردار امیر سنگھ، سردار تربیدا سنگھ، سردار کلیان سنگھ، گیانی دیا سنگھ، گیانی رنجیت سنگھ، مہندر پال سنگھ، سلونت کور، مہک دیپک، گیانی بلونت سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ اور دیگر موجود تھے۔

جبکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین،  رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی، ایڈیٹر جنگ گروپ واصف ناگی، ڈینز اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکھ کمیونٹی سے ملاقات کرکے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انسانیت کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا۔  اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو آزمانے کیلئے مختلف شناخت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ 

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان لا الہ الااللہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے وقت کوئی اثاثہ جات نہیں تھے۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم ہم مسلمانوں کے رول ماڈل ہیں۔ مریضوں کی خدمت کرنے والے سکھ ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ 

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن سکھ کمیونٹی کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں دورہ قابل فخر ہے۔ مہاراجا بھوبندر سنگھ کے دو شوق تھے ایک وہ بہت اچھے کرکٹر تھے اور دوسرا وہ تعلیم اور آرکیٹیکچر سے لگاؤ رکھتے تھے۔ بھوپندر سنگھ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے پٹیالہ بلاک کی تعمیر کروائی۔ تاریخ میں ان کی کاوشوں کو زندہ رکھا جائے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بھوپندر سنگھ کی یاد میں ان کی تصویر کو کنگ ایڈورڈ کے پٹیالہ بلاک میں نصب کیا گیا ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تمام بلڈنگز کو اس کی اصل حالت میں برقرار رکھا جائے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بغیر کسی تفریق، رنگ نسل، قوم کے تعلیم و تربیت کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر ممپال سنگھ کی کنگ ایڈورڈ، میو ہسپتال اور دکھی انسانیت کے لئے بے پناہ کاوشیں ہیں۔ 

واصف ناگی نے اس موقع پر کہا کہ کنگ ایڈورڈ میں سکھ کمیونٹی کو مدعو کر کے وائس چانسلر نے تاریخ زندہ کر دی۔ مہمان شرکاء میں سے کلیان سنگھ نے کہا کہ آج کا دن سکھ قوم کے لئے یادگار ہے جبکہ تربیدی سنگھ نے کہا کہ لاہور شہر میں جو بھی تاریجی عمارتیں ہیں اس کی تعمیر میں بھوپندر سنگھ کا کردار ہے۔ 

سردار امیر سنگھ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر نے سکھ قوم کی تاریخ کو زندہ کیا جس پر ہم مشکور ہیں۔ اسلام سمیت دیگر مذاہب میں انسان اور انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے۔ کنگ ایڈورڈ کے لئے جو بھی خدمات ہوں گی سکھ قوم اس کے لئے پیش پیش ہوگی۔

مزیدخبریں