بلوچستان: دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 جوان شہید

Jun 01, 2023 | 12:57 PM

ایک نیوز: پاک فوج کے مزید دو جوان مادروطن پر جان نچھاور گئے۔ دہشتگردوں سے مردانہ وار جھڑپ میں بہادری سے لڑتے ہوئے جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کردیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے سگوان میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ تاہم پہلے سے الرٹ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کے حملے کا جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان مادروطن پر جان نچھاور کرگئے۔ 

شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے سپاہیوں کی شناخت سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ 

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کے فرار کے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے اور ایرانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

سپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی مذمت:

اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاک-ایران سرحد کے قریب بلوچستان کے علاقے سنگوان(ضلع کیچ) میں دہشتگردوں کی سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی ہمت و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحتیابی اور سوگوار خاندانوں کوصبرِجمیل عطا فرمانےکی دعا کی۔

ایرانی سفارتخانے کی مذمت:

ایرانی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

ایرانی سفارتخانے نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ایک مشترکہ درد ہونے کی وجہ سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

 اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے بھی بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں