ایک نیوز: سرگودھا میں خواجہ سراؤں کا پہلا اسکول قائم کر دیا گیا جہاں مفت کتابیں، ٹرانسپورٹ کی سہولت اور وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کی جانب سے سرگودھا میں خواجہ سراؤں کا اسکول قائم کردیا گیا ہےجہاں 25 سے زائد خواجہ سراؤں نے داخلہ لےکر تعلیم شروع کردی ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ داخل ہونے والے خواجہ سراؤں کو نہ صرف کتابیں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت ہوگی بلکہ انہیں وظیفہ بھی دیاجائے گا۔
محکمہ ایجوکیشن کے ترجمان محمد الیاس باجوہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر نے اس اقدام کو بہت سراہا ہے اور کہا ہے کہ پہلی دفعہ گورنمنٹ کا یہ بہت اچھا منصوبہ آیا ہے جس میں ہمیں پڑھایا بھی جارہا ہے اور وظیفہ بھی دیا جارہا ہے اور ٹیچر کی تنخواہ بھی بہت اچھی ہے۔اسکول میں تعلیم دینے والے اساتذہ بھی خواجہ سرا رکھے گئے ہیں جبکہ خواجہ سراؤں کے گروہ کو ماہانہ 30 ہزار روپے بھی سرکار تنخواہ کی مد میں دے گی۔