شہریار آفریدی دوبارہ گرفتار،توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس

شہریار آفریدی دوبارہ گرفتار،توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس
کیپشن: شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری،توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کےرہنماء شہریار آفریدی کی عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہریار آفریدی کو عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتار کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی، جس پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس ارباب طاہر نے آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا۔

شہریار آفریدی کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل کو عدالتی حکم کے باوجود دوبارہ گرفتار کرلیا گیا جبکہ عدالت میں بھی پیش نہیں کیا جارہا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومتی وکیل کو ہدایت کہ اب تک عدالت کیوں نہیں پیش کیا؟، کل تک جواب دیں۔

شہریار آفریدی کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ آج ہدایت کے ساتھ درخواست نمٹا دیں،کل مرکزی کیس بھی ہے، آپ کے حکم کے باوجود شہریار آفریدی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، آپ نے ڈیتھ سیل سے نکالنے کا زبانی حکم دیا تھا تحریری دے دیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ہمارے حکم کی تعمیل نہ کی گئی ہو؟،توہین عدالت کا کیس ہم نمٹا نہیں رہے۔

بعد ازاں اسلام آبادہائیکورٹ نے سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔