پہاڑی سے پنیر کی لڑھکتی گیند پکڑنے کاانوکھامقابلہ 

Jun 01, 2023 | 06:24 AM

ایک نیوز:برطانیہ میں پہاڑی سے پنیر کی لڑھکتی گیند پکڑنے کاانوکھےمقابلے کاانعقادہوا۔
تفصیلات کےمطابق اس میں سخت پنیر کو ایک پہیئے یا گول طشتری میں ڈھالا جاتا ہے۔ پھر اسے ایک ترچھی پہاڑی سے نیچے لڑھکایا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے سینکڑوں افراد تعاقب کے لیے دوڑ پڑتے ہیں جبکہ آخر میں پنیر کے سب سے قریب رہنے والا فاتح قرار پاتا ہے۔
برطانیہ میں گلوکیسٹر کے قریب انتہائی عمودی کُوپرز پہاڑیوں سے گلوکیسٹر پنیر کی طشتری کو لڑھکایا گیا۔ اس کے پیچھےپیچھے سینکڑوں افراد دوڑے۔ مردوں میں مقابلہ 28 سالہ میٹ کرولا نے جیتا جبکہ خواتین میں سے ڈیلانی اِروِنگ چوٹ کھانے اور نیم بے ہوش ہوجانے کے باوجود بھی مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
پہاڑی سے اترتے درمیان کئی افراد گرے، کچھ کو چوٹ لگی اور بعض افراد لنگڑاتے ہوئے ریس سے الگ ہوگئے۔ میٹ نے کہا کہ وہ کسی تیاری کے بغیر دیوانہ وار پنیر کے پیچھے دوڑے جبکہ کینیڈا کی خاتون نے بتایا کہ وہ تیزی سے بھاگی اور کسی سے ٹکرانے کے بعد بے ہوش ہوگئیں۔ جب انہیں ہوش آیا تو وہ ایک خیمے میں تھیں۔
اس دلچسپ مقابلے کو ’چیزاورولنگ‘ کہا جاتا ہے جو سال 1826 سے جاری ہے جس کا ہرسال بے چینی سے انتظار کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں