اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے لوگ ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں: شیخ رشید

Jun 01, 2021 | 16:55 PM

admin
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے لوگ ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں۔اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی سے پاکستان کا تشخص مجروح ہورہا ہے۔

وزارت داخلہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر کویت کے سرکاری دورے پر گئے، 2011 کے بعد انہوں نے کویت کا کامیاب دورہ کیا، کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزے پر پابندی ہٹادی ہے، 2011 سے پاکستانیوں کے لیے کویت کے ویزے بند تھے لیکن اب اب فیملی اور بزنس ویزے جاری ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے دور میں سائبر کرائم کے 36 ہزار کیسز کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 5 ہزار انکوائریاں مکمل کرلی ہیں،ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید ٹیکنالوجی دی جائے۔ ہم نادرا میں بھی بہتری چاہتے ہیں۔

صحافی اسد طور پر حملے سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ نادرا ،ایف آئی اے اور پولیس کیس کی تحقیقات کررہی ہیں، کیس میں اشتہار دینے جارہے ہیں، فنگر پرنٹس کی رپورٹ کل تک آجائے گی، واقعے میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کے قریب ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنا ضروری ہے کیونکہ ایسے واقعات کے ذریعے حساس اداروں پر خاص مقصد کے لئے الزام لگایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے، ملزموں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بعض لوگ بلاوجہ اداروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی سے پاکستان کا تشخص مجروح ہورہا ہے، اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے لوگ ایجنسیوں پر الزام لگارہے ہیں، انہیں معلوم نہیں اس سے پاکستان کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ جن صحافیوں کو پلاٹ نہیں ملے انہیں گھر دیں گے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، میں نے کہا تھا کہ ن میں سے ش نکلے گی لیکن پہلے جب میں کہتا تھا تو سب مذاق اڑاتے تھے۔

مزیدخبریں