صحت کے شعبے میں انقلاب لا نے کا تہیہ کر لیا ہے،مریم نواز 

Jul 01, 2024 | 15:50 PM

 ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں انقلاب لا نے کا تہیہ کر لیا ہے،  تمام مراکز صحت ، ٹی ایچ کیو اور ٹرشری ہاسپٹلز کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔  

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی نے ملاقات کی،ملاقات میں صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر صحت اظہر کیانی نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کے لیے سفارشات پیش کیں۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہناتھا کہ ہیلتھ پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے،ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب لا نے کا تہیہ کر لیا ہے ،تمام مراکز صحت ، ٹی ایچ کیو اور ٹرشری ہاسپٹلز کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا ہے۔دل کے امراض، ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں، انتہائی خوشی ہوئی جب ایک خاتون نے مجھے گھر ڈلیور ہونے والی دل کی ادوایات دکھائی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ فیلڈ ہاسپٹلز اور کلینک آن ویلز کا منصوبہ کامیاب ترین منصوبوں میں سے ایک ہے،چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے،فیلڈ ہسپتالوں میں مفت ادویات کے ساتھ ایکسرے، فری لیب ٹیسٹ اور ای سی جی موجود ہے، 500 مزید کلینک آن ویلزکا اضافہ کررہے ہیں ،جہاں پر ڈاکٹرز موجود نہیں وہاں ڈاکٹرز کو بھیجنے کے لیے مراعات دے رہے ہیں ،دور درازعلاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں رہے گی۔  

انھوں نے مزید کہا کہ سابق دور میں جو ادویات ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں وہ دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں اور لوگوں کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی جا رہی ہیں،فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بتدریح اضلاع تک وسیع کیا جائے گا،ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی اور پیڈز بلاک بننے سے دیہات کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا،موجودہ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر پبلک فرینڈلی بنانا ضروری ہے،موجودہ سسٹم کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کی جائے گی،میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز میں جدید ریسرچ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے لئے صحت کی بہترین سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ 

مزیدخبریں