پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز

Jul 01, 2024 | 13:05 PM

ایک نیوز:صوبہ  بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، رواں سال مون سون بارشیں 30 فیصد تک زیادہ ہونے کے خطرات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق آج سے پنجاب بھر  میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی ہے، جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں،جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں ،جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب ساؤتھ پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی پنجاب وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ زوردار بارشیں متوقع ہیں۔ مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیاہے۔ 

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیاہے،ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے، ندی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات جلد از جلد مکمل کریں، باہمی تعاون اور قبل از وقت انتظامات سے قدرتی آفات کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں  کو برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، بچوں کو نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی کی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے ،پورے کپڑے  پہن کر  اور سر کوڈھانپ کر باہر نکلیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔  

مزیدخبریں