ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان نے بطور اعتراض کیس درخواست پر سماعت کی۔ رجسٹرار آفس نے درخواست گزار پر متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا، عدالت نے درخواست گزار کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 4جولائی تک ملتوی کردی۔
درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ محسن نقوی چئیرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں ہیں،سینیٹ کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت محسن نقوی پی سی بی کے چیئرمین تھے،آئین کےآرٹیکل 63 کےتحت محسن نقوی سینیٹر کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ محسن نقوی کو سینیٹر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔