ایک نیوز: سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہولم میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نے آئندہ ہفتے جدہ میں ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ او آئی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس گھناؤنے فعل کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ضروری کارروائی کے بارے میں اجتماعی موقف کو بھی اپنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹاک ہولم کی سب سے بڑی مسجد کے سامنے سوئیڈن کی عدلیہ اور پولیس نے اسلام مخالف انتہا پسندوں کو قرآن پاک کے نسخے کو جلا کر شہید کرنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد اسٹاک ہولم میں ایک عراقی نژادسوئیڈش نے مقدس کتاب کے نسخے کو کو نذر آتش کرکے شہید کیا تھا۔ قرآن پاک کی بےحرمتی پر پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مسلم اور غیر مسلم ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
مشرق وسطیٰ کے علاوہ دیگر ممالک نے اپنے سفیروں کو سویڈن سے واپس بلا لیا جبکہ پاکستان سمیت کچھ ممالک نے سویڈش سفیروں کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
اس سے قبل سوئیڈن میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ دائیں بازو کے سیاست دان راسموس پالوڈن کئی اجتماعات میں قرآن پاک کو شہید کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔