ایک نیوز: لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ہائی وولٹیج تاریں زمین پر گرنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے ماطبق ماڈل ٹاؤن کیو بلاک میں ہائی وولٹیج تاریں موٹر سائیکل پر سوار بد قسمت خاندان پر گر گئیں جس کے نتیجے میں موقع پر ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی جس کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی جب کہ اسی خاندان سے تعلق رکھنے والی عائشہ اور اسکا شوہر شہباز بھی جھلس گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو اہل محلہ نے ریسکیو کی مدد سے جنرل ہسپتال منتقل کیا جہاں شہباز کی بھی موت واقع ہو گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ اسی سڑک سے گزرنے والا دوسرا موٹرسائیکل سوار نوید بھی بجلی کی تاروں سے کرنٹ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا جسے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اہل علاقہ کے مطابق ایک ماہ سے علاقے میں بجلی کے لوڈ کا مسئلہ چل رہا تھا، تار سے اسپارکنگ کی وجہ سے متعدد بار چنگاریاں نکلیں جس پر لیسکو کو بجلی کا مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی لیکن شنوائی نہیں کی گئی۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد فاطمہ اور شہباز کی لاش کو مردہ خانہ پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ورثاء کی درخواست ملنے پر مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔