ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے پیش کردہ ”لفنگے“ فلم کی پروڈکشن ٹیم اور سٹار کاسٹ میں شامل لیڈ فنکاروں نے گذشتہ شام ڈسٹری بیوٹر ادارے آئی ایم جی سی(ڈسٹری بیوشن کلب ہیڈ آفس) کے دفتر کا دورہ کیا اور پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن اور آئی ایم جی سی کے چئیرمین شیخ امجد رشید سے فلم کی جاری پروموشن اور سینما ریلیز کے حوالے سے پلاننگ بارے اظہار خیال کیا۔
پروڈیوسر طارق حبیب رند ڈائریکٹر عبدالخالق خان،نازش جہانگیر،سمیع خان،مانی اور مبین گبول نے”لفنگے“کو کم سرمائے میں بنی ایک بہترین فلم قرار دیا۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ آئی ایم جی سی بہترین فلموں کی ڈسٹر ی بیوشن کے ذریعے پاکستانی شائقین کو معیاری تفریح فراہم کر رہا ہے اور ”لفنگے“ اس سلسلے کی نئی کاوش ہے جس میں فلم بینوں کی تفریح کیلئے طنزو مزاح، سسپنس، خوف اور کامیڈی کا بھرپور تڑکہ شامل ہے۔
فلم میں شامل ہر فنکار نے بہترین کردار نگاری سے اپنے کردار سے انصاف کیا ہے یہی وجہ ہے کہ تمام فنکاروں کی بہترین ٹائمنگ کی بدولت ”لفنگے“ ایک معیاری پروڈکٹ کے طور پر سامنے آئی ہے جو شائقین کیلئے پرفیکٹ عید گفٹ ثابت ہوگی۔
شیخ امجد رشید نے فنکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت چئیرمین پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن پاکستانی فلمی صنعت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہوں اورحکومت، پروڈیوسرز اور سینما کمیونٹی کے تعاون سے مل کر بہت جلد فلمی صنعت کو بحالی سے عروج کے مقام پر پہنچادیں گے۔