تفصیلات کے مطابق مون سون سے موسم تبدیل، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے، ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا،اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی ابر رحمت برسا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مری اور گلیات میں بھی پری مون بارشوں کا نیا سپل شروع ہو گیا، بارش سے موسم خوشگوار ہونے پر سیاح لطف اندوز ہونے لگے، ایوبیہ نتھیا گلی چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہوگئی۔
گہری دھند کے باعث گاڑیاں ڈرائیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مون سون بارشوں کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں مون سون کا سسٹم داخل ہوگیا ہے، سندھ اور بلوچستان میں چار، پانچ دن اچھی بارش کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
کراچی میں بارشوں کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے اور شہر میں کل شام سےگرد آلود ہوا کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، یہ بارشیں 5 جولائی تک جاری رہ سکتی ہیں۔
سردار سرفراز کے مطابق 2 جولائی کی رات سے 5 جولائی تک سندھ میں اچھی بارش متوقع ہے جب کہ سندھ کے تمام اضلاع میں منگل تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔