سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گولڈی برار دہشت گرد قرار

Jan 01, 2024 | 20:22 PM

ویب ڈیسک :انڈیا کے مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگسٹر گولڈی برار کو بھارتی حکومت نے دہشت گرد قرار دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق انڈیا کی وزارت داخلہ نے غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون(یو اے پی اے) کے تحت کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کو دہشت گرد قرار دیا۔
گولڈی برار کا اصل نام ستوندرجیت سنگھ ہے جو 2017 میں سٹوڈنٹ ویزے پر کینیڈا گئے تھے۔اس کے بعد سے گولڈی برار کینیڈا ہی سے قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کی سرپرستی کرتے رہے ہیں۔ گولڈی برار کو ایک اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی شمار کیا جاتا ہے۔
انڈیا کی وزارت داخلہ کے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ’اپریل 1994 میں پیدا ہونے والے ستوندرجیت سنگھ جو شمشیر سنگھ اور پریتپال کور کے بیٹے ہیں، وہ کینیڈا کے علاقے برامٹن میں مقیم ہیں اور خالصتان کے حامی دہشت گرد گروپ ببّر خالصہ کے ساتھ منسلک ہیں۔مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ گولڈی برار ڈرونز کے ذریعے سرحد کے آر پار ممنوعہ ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہیں۔ یہ ہتھیار پرتشدد سرگرمیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ گولڈی برار انڈین پنجاب میں ٹارگٹ کلنگ اور ملک دشمن سرگرمیوں کے ذریعے امن عامہ اور مختلف کمیونیٹیز کے درمیان ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی سازش کر رہے ہیں۔گزشتہ برس انڈیا کی حکومت نے انٹرپول کو گولڈی برار کے متعلق ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا تھا۔گولڈی برار نے پنجاب کے علاقے مانسا میں 2022 میں ہونے والے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

مزیدخبریں