فوج ہماری ہے، ملک ہمارا ہے، اسٹیبلشمنٹ سے کوئی جھگڑا نہیں،چیئر مین تحریک انصاف

Jan 01, 2024 | 16:26 PM

JAWAD MALIK

This browser does not support the video element.

ایک نیوز: چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس پلان اے ، بی اور سی موجود ہے، ہم پارلیمان میں جانا چاہتے ہیں۔ فوج ہماری ہے، ملک ہمارا ہے، کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہمارے امیدواروں کے کاغذات آر آوز آفس سے چھینے گئے اور الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر اپنا کردار بھی ادا نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس معاملے پر ازخود لینا چاہیے، جمہوریت بچانے کے لئے عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر شفاف انتخابات ہوئے تو 8 فروری کو پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے۔ان کا کہناتھا کہ  اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے ۔پی ٹی آئی کو بطور جماعت مائنس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پشاورہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پلان اے، بی اور سی موجود ہے، لیکن ہم پہلے تمام آئینی طریقے آزمائیں گے، ملک میں سیاسی استحکام انتخابات کے ذریعے آئے گا اگر یہ معاملہ نہ روکا تو پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمان میں جانا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں