ایک نیوز: فیض آباد دھرنا کمیشن کی تحقیقات کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں کمیشن نے سابق وزیراعظم کو بھی طلب کرلیا ہے۔
کمیشن ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف کو کمیشن نے طلب کرلیا ہے۔ فیض آباد دھرنا کمیشن نے شہباز شریف کو تین جنوری کو بلایا ہے۔ انہیں بطور وزیراعلی پنجاب طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فیض آباد دھرنا کے موقع پر شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلی تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کو سوالنامہ بھی دیا جائے گا۔ شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں کمیشن میں طلب کیا گیا ہے۔
ا نکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ 22 جنوری کو سپریم کورٹ میں جمع کرانی ہے۔ اس سے قبل کمیشن نے سابق وزیر احسن اقبال، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کیا تھا جبکہ فیض حمید کمیشن میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر انہیں دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے کے موقع پر پنجاب میں شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے اور گزشتہ سال نومبر میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔