عام انتخابات:اداکار،ٹک ٹاکراور ٹرانس جینڈر بھی الیکشن لڑنےمیدان میں آگئے

عام انتخابات:اداکار،ٹک ٹاکراور ٹرانس جینڈر بھی الیکشن لڑنےمیدان میں آگئے
کیپشن: عام انتخابات:اداکار،ٹک ٹاکراور ٹرانس جینڈر بھی الیکشن لڑنےمیدان میں آگئے

ویب ڈیسک: پاکستان میں انتخابات 2024 کی تاریخ کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی سیاسی ہلچل اور گہما گہمی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایک جانب جہاں ہر جماعت اپنے منشور اور انتخابی دعوؤں کے چرچے کرنے میں مصروف ہے وہیں کچھ فلمی ستارے، سوشل میڈیا سلیبریٹیز  اور ٹرانس جینڈر بھی اس جنگ میں اپنی قسمت آزمانے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ان میں معروف اداکارہ نور بخاری، ٹک ٹاکر صندل خٹک شامل ہیں۔شہور اداکارہ نور بخاری بھی الیکشن لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ نور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چودھری کی اہلیہ ہیں۔ مشہور فلم ’بھائی لوگ‘ کی اسٹار نور بخاری نے خواتین کیلے مخصوص سیٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئے۔ 44 اردو اور 20 پنجابی فلموں میں کام کرچکیں اداکارہ نور بخاری نے حال ہی میں اپنا سوشل میڈیا چینل شروع کیا جو کافی مقبول ہو رہا ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک نے خیبرپختونخوا کی سیٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے ہیں۔ چند ماہ قبل صندل اس وقت سرخیوں میں آئی تھیں، جب سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کے ساتھ ان کا ایک ویڈیو ٹک ٹاک پر وائرل ہوگیا تھا۔ اس کے بعد معاملہ عدالت میں پہنچا اور ضمانت لینی پڑی۔ صندل اس وقت مقبولیت کے عروج پر ہیں اور لاکھوں لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔

اپنی منفرد گائیکی کے لئے پاکستان میں مشہور چاہت فتح علی خان نے لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے لاہور کی نشست این اے 128 سے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ بتادیں کہ بلاول بھٹو بھی یہیں سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔

اسلام آباد کی رہائشی نایاب علی بھی ایک ٹرانس جینڈر ہیں اورایک بار پھر انھوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا عزم کیا اور قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 46 اور این اے 47 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔اسلام آباد کے دو حلقوں سے جنرل نشستوں پر حصہ لینے والی نایاب علی ایک ٹرانس جینڈر ہونے کے ساتھ سوشل ورکر بھی ہیں۔ انھوں نے اس سے قبل 2018 کے انتخابات اور مقامی حکومتوں کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا۔


پشاور سے تعلق رکھنے والی ٹرانس جینڈر ثوبیہ خان  نےزندگی میں پہلی بار عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بطور آزاد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔تعلیم کے اعتبار سے بی اے پاس ثوبیہ صحافی بھی ہیں اور آئندہ الیکشنز کے لیے کافی بااعتماد ہیں۔