ریٹرننگ افسر نے شیخ رشید کو اعتراضات کی کاپیاں فراہم کر دیں

Jan 01, 2024 | 11:04 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: شیخ رشید اور انکے بھتیجے کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا معاملہ,ریٹرننگ افسر سید نظارت علی نے شیخ رشید کو اعتراضات کی کاپیاں فراہم کر دیں۔

تفصیلا ت کے مطابق اعتراض لگایا گیا ہے کہ شیخ رشید احمد نے اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی،ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت سرمایہ کاری سے مطابقت نہیں رکھتی، شیخ رشید نے کاغذات میں سال 2021 سے 2023 کی آمدن کا ذکر نہیں کیا،محکمہ جنگلات مری کے ریسٹ ہاوس کا بل بھی ادا نہیں کیا گیا۔

اعتراض  میں کہا گیاہے کہ شیخ رشید نے ادائیگی کے بغیر 4 ستمبر 2022 سے 9 ستمبر 2022 تک ریسٹ ہاوس میں قیام کیا، شیخ رشید احمد کے ذمہ 3 لاکھ 22 ہزار روپے سرکاری بل واجب الادا ہیں،شیخ راشد شفیق بھی اپنی اہلیہ کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے میں ناکام رہا،شیخ راشد شفیق اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے میں بھی ناکام رہا، شیخ رشید نے این اے 56 جبکہ شیخ راشد شفیق کے این اے 57 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔

قبل ازیں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔جس میں کہا تھا کہ این اے 56 اور 57 کے آر او نے کل شام ساڑھے 4 بجے مصدقہ کاپیاں دینے کا وعدہ کیا تھا،میرے وکلاء رات 11 بجے تک وہاں بیٹھے رہے لیکن ان کو کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں،میرا آج پہلی بار سکندر سلطان راجہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ الیکشن نہیں مذاق ہے ،ہمارے اوپر غلط، بے بنیاد الزام لگایا گیا، ہمیں کاپیاں فراہم کی جائے ہم ہائی کورٹ جانا چاہتے ہیں۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے  مزید کہا کہ ہمارے وکلاء آر او آفس کے باہر موجود ہیں، ان کو ہدایت کی جائے کہ وہ فیصلے کی کاپی دیں،آر او کو ہدایت دی جائے کہ وہ فیصلے کی کاپی دیں تاکہ ہم اپنا حق لے سکیں،اللہ کی مدد اور عوام کی طاقت سے این اے 56 اور 57 میں اپنی جیت کا لوہا منوائیں گے۔

مزیدخبریں