ایک نیوز :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بلاول ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بلاول نے اسلام آباد تک مہنگائی کے خلاف مارچ کیا تھا، آج سندھ میں آٹا 140 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، ہم وزیراعلیٰ اور بلاول ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بلاول وزیر خارجہ بننے کے بعد کبھی کبھار پاکستان کے دورے پر آتا ہے۔سیلاب آیا بستیاں بہا لے گیا، زراعت اور معیشت تباہ ہوگئی، قوم کی مائیں اور بہنیں سردی میں سڑکوں پر بیٹھی ہیں اور یہ ہیلی کاپٹروں میں مزے کرتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھاکہ ڈرگ مافیا اور آٹا مافیا نے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں پناہ لے رکھی ہے جنہیں جیل میں ہونا چاہیے تھا انہیں سینیٹر اور رکن اسمبلی بنایا۔ان کا کہنا تھاکہ 14 اگست 1947 کو پاکستان آزاد نہیں ہوا بلکہ مالک بدل گیا، انگریز گیا اور گندمی رنگ کا مالک آگیا، آج خیبر پختونخواہ پر 900 ارب کا قرضہ ہے، ملکی زرمبادلہ ختم ہوگئے ہیں۔