گورنرسندھ کامران ٹیسوری کی داتادربار حاضری،پھول چڑھائے

گورنرسندھ کامران ٹیسوری کی داتادربار حاضری،پھول چڑھائے
کیپشن: Governor Sindh Kamran Tesori attends Data Durbar, offers flowers

ایک نیوز گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ داتا دربار حاضری سے روحانی سکون حاصل ہوا ہے۔ کراچی روشنیوں کا شہر  مگر اس کو نظر لگ گئی، حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر پاکستان اور کراچی کے لیے دعا کی ہے، دعا گو ہوں کہ اللہ لاہور کو بھی نظرِ بد سے بچائے۔

کامران ٹیسوری کا داتادربارحاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ یہ آخری موقع ملا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر پاکستان کو بنائیں، ہم جس جگہ پر کھڑے ہیں وہاں سب کو اپنی نیت ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے انہیں پورا کرے، نفاق کے بجائے اتفاق وقت کا اہم تقاضا ہے، تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں۔ ملک میں اس وقت اتفاق کی ضرورت ہے۔ اتفاق کے بجائے نفاق کو جنم دیا تو اتحاد ختم ہو سکتا ہے۔ کراچی میں تمام دوستوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ  وزیر اعظم شہباز شریف کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے اس متعلق بات کریں گے۔

دوسری جانب  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں ہونے والی ملاقات میں دونوں گورنرز کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ دونوں صوبے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کر رہا ہوں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے گورنرسندھ کی کوشش لائق تحسین ہے۔