ایک نیوز: میوزک انڈسٹری میں گلوکار عثمان شفیق کی قابلیت اور شراکت کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات کی حکومت نے انہیں گولڈن ویزا جاری کیا ہے۔
موسیقی کی صنعت میں اپنی روح پرور آواز اور دلکش پرفارمنس سے تہلکہ مچانے والے عثمان شفیق نے اس اعزاز پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا " گولڈن ویزا ملنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکر گزار ہوں،یہ میرے کام کی زبردست پہچان ہے اور میں متحدہ عرب امارات کے متحرک ثقافتی منظرنامے کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔
واضح رہے گولڈن ویزا دنیا بھر سے اعلیٰ ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا ثبوت ہے، اس ویزا سے عثمان شفیق متحدہ عرب امارات میں نئے مواقع تلاش کر سکیں گے، مقامی فنکاروں کے ساتھ تعاون کر سکیں گے اور ملک کے فروغ پذیر ثقافتی منظر نامے میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔
درخواست کے پورے عمل کے دوران عثمان شفیق کو متحدہ عرب امارات کی ویزا خدمات میں مہارت رکھنے والی معروف کنسلٹنسی فرم ال یالیس سروسز نے مدد فراہم کی ہیں۔
الیالیس سروسز کے ترجمان نے کہا، "ہمیں خوشی ہے کہ گولڈن ویزا کے لیے عثمان کی درخواست کی حمایت میں اپنا کردار ادا کیا،ہماری ٹیم نے عثمان کے ساتھ مل کر کام کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس کی درخواست درست اور مؤثر طریقے سے جمع کرائی گئی تھی اور ہمیں خوشی ہے کہ انہیں گولڈن ویزا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گولڈن ویزا ایک طویل مدتی رہائشی ویزا ہے جو غیر ملکی شہریوں کو بغیر کسی کفیل کی ضرورت کےمتحدہ عرب امارات میں رہنے، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے،یہ ویزا ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے فنون، ثقافت اور تفریح سمیت اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں ۔