ایک نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ قوتیں پاکستان پیپلز پارٹی کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں، کیونکہ انہیں پتا ہے کہ اگر بلاول وزیراعظم بنتا ہے اور بلوچستان کا وزیراعلیٰ جیالا بنتا ہے تو ان کی تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔ بلوچستان کے عوام جانتے ہیں لاپتا افراد کا مسئلہ اگر کوئی حل کرسکتا ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی کسی کے سامنے نہیں جھکتی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ یہ جانتے ہیں میری رگوں میں بلوچ خون ہے، وہ جانتے ہیں میں شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں، میں بلوچستان کے شہداء کا دکھ سمجھتا ہوں، وہ جانتے ہیں میں بلوچستان کےعوام کے مسائل جانتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو توڑنے والے جانتے ہیں کہ بلاول بھٹو ان کی سازش کامیاب ہونے نہیں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کے حق کا سودا نہیں کرتی، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو بلوچستان کو حق دلاسکتی ہے، غربت اور بےروزگاری کا مقابلہ صرف پیپلز پارٹی کرسکتی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی بھول ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے، گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے کارکنان پر متعدد حملے ہوئے، ان کاخیال تھا جیالے ان حملوں سے گھبرا جائیں گے، انہوں نے سوچا بچہ ہے خوفزدہ ہو جائے گا، لیکن ہمارا سرکٹ تو سکتا ہے لیکن دہشتگردوں کے سامنے جھک نہیں سکتا۔8 فروری کو عوام کے ووٹ کی طاقت سے ان کو جواب دیں گے، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔
بلاول نے کہا کہ میں بلوچستان کی خدمت ایسے کروں گا جیسے بیٹا والدہ کی کرتا ہے، میں جو وزیر خارجہ بنا تو آپ کی آواز بن کر بنا، عوام سے درخواست ہے چنو نئی سوچ کو،چنو پی پی پی کو۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر وفاق کی 17 وزارتوں کو بند کروں گا، بچائے گئے پیسوں کو بلوچستان پر لگاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی اندھیرے میں ہیں، بلوچستان کے ہر اضلاع میں گرین انرجی پارک بناؤں گا، بلوچستان میں اپنا سولر پلانٹ لگاؤں گا۔