شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل، پولیس کو نوٹس

شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل، پولیس کو نوٹس
کیپشن: Sheikh Rasheed's police station water summons notice suspended, notice to police

ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

شیخ رشید کی پولیس اسٹیشن طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، شیخ رشید کے وکیل نے پولیس کے نوٹس اور مقدمہ اندراج کی درخواست پڑھ کر سنائی۔

عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کسی سینئر افسر کو مقرر کریں جو 6 فروری کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست ایس ایس پی آپریشن کے نام کیسے دی جا سکتی ہے؟ مقدمہ اندراج کی درخواست تو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے نام ہوتی ہے۔

عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 60 پڑھنے کی ہدایت کی۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ اگر مقدمہ درج ہو جاتا تو تفتیش کیلئے پیش ہونے کا نوٹس دیا جا سکتا تھا، نئی روایت بنائی جا رہی ہے کہ پولیس ایف آئی آر درج ہونے سے قبل تفتیش کیلئے بلا رہی ہے، پولیس نے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا کہ شیخ رشید کو پیش ہونے کیلئے مزید مہلت دی جا رہی ہے۔